بالی ووڈ اداکار انیل کپور اور بونی کپور کی کی والدہ نرملا کپور 90 برس کی عمر میں چل بسیں۔
معروف فلمی گھرانے کپور خاندان کی بزرگ شخصیت اور انیل کپور، بونی کپور اور سنجے کپور کی والدہ نرملا کپور 90 برس کی عمر میں چل بسیں۔
ان کی موت کی تصدیق کوکیلا بین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش شیٹی نے کی، جنہوں نے بتایا کہ نرملا کپور آج شام تقریباً 5 بج کر 25 منٹ پر دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
نرملا کپور، مشہور فلم پروڈیوسر سورندر کپور کی اہلیہ تھیں۔ ان کے 4 بچے ہیں، جن میں بونی، انیل، سنجے اور رینا کپور شامل ہیں، وہ ارجن کپور، سونم کپور، ریا کپور، جھانوی کپور، خوشی کپور سمیت کئی فلمی ستاروں کی نانی اور دادی بھی تھیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں نرملا کپور نے اپنی 90ویں سالگرہ خاندان کے ساتھ جوش و خروش سے منائی تھی۔
انیل کپور نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 90 سال کی محبت، طاقت اور بے شمار قربانیاں، آپ کی موجودگی ہماری زندگیوں میں خوشی اور مثبت توانائی بھرتی ہے۔ خوش قسمت ہوں کہ آپ کا بیٹا ہوں۔ سالگرہ مبارک، ممی!"