راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی کی آبی گزرگاہوں پر خانہ بدوشوں کی شکل میں کچی آبادیاں سکیورٹی رسک بن چکی ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئےسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ کی ہدایت پر رتہ امرال میں نالہ لئی کے کنارے آپریشن کرکے ڈھائی تین سو جھگیاں ختم کردی گئی ہیں۔میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے سی ای او عمران علی کے مطابق پندرہ پکے مکانات اور سینکڑوں جھگیاں تھیں۔آپریشن میں مزاحمت کی گئی لیکن حالات کو کنٹرول کرلیا گیا۔ ادھر جاوید کالونی آریہ محلہ کے نالہ سمیت دیگرجگہوں پر بدستور جھگیاں موجود ہیں۔محکمہ ریلوے نے بھی کئی عشروں سے مریڑ چوک ریلوے پل کے پاس قائم خانہ بدوش بستی کے زیر قبضہ اپنی قیمتی اراضی واگزار کرالی ہے۔شہریوں کے مطابق جاوید کالونی میں نالہ کے کنارے قائم بستی مون سون میں انتہائی خطرات کا شکار ہوتی ہے۔