کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پشتون بیلٹ منیارٹی ایکشن الائنس کے چیئرمین وکی بھٹی ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسر اور صوبائی صدر راج پراچہ نے کہا ہے کہ ہم اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ بھارت کے جنگی جنون کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، اگر جنگ ہوئی تو اس سے ایشیاء کے دوسرئے ملک بھی متاثر ہوں گے ، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں اور جنگ محض چند سیکنڈز کی ہوگی ، ہم امن چاہتے ہیں لہذا تمام امن پسند ممالک بھارت کو جنگ کے نقصانات سے آگاہ کریں ، پاکستان جنگ نہیں چاہتا پاکستان دونوں طرف کے عوام کی بقاء کی سوچ پر قائم ہے اور پاکستان کی اس خواہش کو کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ریاست ہونے کا دعویدار ہے لیکن حقیقت میں نریندر مودی کی مذہبی انتہاء پسندی کی وجہ سے بھارت میں بسنے والی اقلیتیں بیزار آگئی ہیں ۔ بھارت میں حالیہ برسوں میں مذہبی انتہاء پسندی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور اس انتہاء پسندی کا سب سے زیادہ نشانہ اقلیتیں بالخصوصی بھارتی مسلمان بن رہے ہیں ۔ گائے کے گوشت کے نام پر مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانا خطرناک رجحان اختیار کرچکا ہے ۔ بھارت میں مذہبی انتہاء پسندی کی جڑیں گہری ہیں ، ہندو قوم پرست تنظیمیں ماضی میں بھی ہندو بالادستی کو فروغ دیتی رہی ہیں ۔