• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جے ٹی جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام تین روزہ چودہواں انٹرنیشنل بک فیئر

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام تین روزہ چودہواں انٹرنیشنل بک فیئرشروع ہوگیا، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس تقویم الحق اور ناظم جامعہ پشاور ارشد خان نے افتتاح کیا۔اس موقع پر ناظم کیمپس تقویم الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اس نوعیت کے علمی و فکری میلوں کا انعقاد کرتی ہے تاکہ طلبہ کو کتاب اور مطالعے سے جوڑا جا سکے، کیمپس کے تعلیمی اداروں میں بُک فیئرز کا انعقاد جمعیت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلامی جمعیت طلبہ کو ہر سال جامعات میں ایسے علمی و فکری پروگرامات کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا کی تمام ترقی یافتہ اقوام نے کتاب کو علم کا سرچشمہ اور ترقی کی بنیاد مانا ہے، کتاب وہ سرمایہ ہے جو سوچ کو جِلا بخشتی ہے، کردار کو نکھارتی ہے، اور قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، علم کے بغیر ترقی کا کوئی تصور ممکن نہیں، اور علم کا بہترین ذریعہ کتاب ہے۔ ناظم جامعہ پشاور ارشد خان نے کہا کہ بُک فیئر میں 70 سے زائد پبلشرز اور کتاب فروشوں نے اسٹالز لگائے ہیں جن میں دینی، ادبی، سائنسی اور عمومی موضوعات پر ہزاروں کتب دستیاب ہیں۔
پشاور سے مزید