اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے جنگ ِ عظیم دوم میں فتح کے دن پر روسی صدر، حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر روس موجودہ صورتحال بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور کر رہا ہے،آئیے خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں‘ یقین ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ منگل کو روسی فیڈریشن کی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نےپاکستان اور روس کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی پیشرفت کو اجاگر کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے حالیہ اعلیٰ سطحی روابط نے باہمی اشتراک اور بہتر تفہیم کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔