کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ اگر جنگ ہم پر مسلط کی جائیگی تو پاکستان پھر اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا ، پاکستان میں سیاست کرنے والی تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں محب وطن ہیں ۔ پاکستانی میڈیا کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے مثبت رپورٹنگ کرکے قومی یکجہتی اور قومی اتحاد میں اضافہ کیا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں بھارتی میڈیا کا رویہ اور رپورٹنگ انتہائی منفی اور غیر ذمہ دارانہ رہی ہے۔ پاکستان میں سیاست کرنے والی تمام حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں محب وطن ہیں اور پاکستان کی سالمیت اور سلامتی پر جب کبھی انگلی اٹھتی ہے یا ملک کی سلامتی کو خطرہ ہوتا ہے بالخصوص جب آپ کا روایتی حریف بھارت اس قسم کی جارحیت کررہا ہو تو پاکستان کی سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی ،میڈیا اور وکلا برادری سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔پاکستان ایک نظریے کے تحت وجود میں آیا جو کلمے کی بنیاد پر تھا اور اس ہی نام پر ہم ایک ہوئے اس لیے جب کبھی ملک کی سالمیت کو خطرہ ہوتا ہے تو تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراداپنے چھوٹے اختلافات بھول کر اس بڑے مقصد کیلئے متحد ہوجاتے ہیں،زندہ قوموں کی یہی دلیل ہوا کرتی ہے کہ جب بھی ان کی سالمیت کا معاملہ ہوتا ہے تو وہ واتحاد و یگانگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔