ماسکو (اے ایف پی) روس اور چین نے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئرن ڈوم جیسے میزائل دفاعی نظام کے منصوبے کو "انتہائی عدم استحکام پیدا کرنے والا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خلا کو "میدان جنگ" میں تبدیل کرنے کا خطرہ ہے۔ماسکو میں صدر ولادیمیر پیوٹن اور شی جن پنگ کے درمیان مذاکرات کے بعد مشترکہ بیان میں دونوں ممالک کا خلا میں فوجی بالادستی حاصل کرنے کی کوششوں کا مقابلہ کرنیکا اعلان ۔ کریملن کی جانب سے شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق روس اور چین نے کہا ہے کہ ʼامریکا کیلئے حال ہی میں اعلان کردہ گولڈن (آئرن) ڈوم پروگرام بھی انتہائی عدم استحکام پیدا کرنے والا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ منصوبہ واضح طور پر خلا میں جنگی کارروائیاں کرنے کے لئے ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافے کیلئے موقع فراہم کرے گا۔دونوں ممالک نے کہا کہ وہ خلا میں ہتھیاروں کی تعیناتی کو روکنے کے لئے بات چیت شروع کریں گے اورفوجی بالادستی حاصل کرنے اور خلا کی میدان جنگ کے طور پر باضابطہ تشکیل دینے کے مقصد سے بنائی گئی پالیسیوں اور سرگرمیوں کا مقابلہ کریں گے۔ ٹرمپ نے جنوری میں حلف اٹھانے کے فوراً بعد بیلسٹک اور ہائپرسونک میزائل خطرات سے نمٹنے کے لئے "امریکا کے لئے آئرن ڈوم" کا پروگرام بنانے کا حکم دیا تھا۔یہ منصوبہ ریگن دور کے ایک متنازع منصوبے کے کچھ حصوں کو زندہ کرتا ہے جسے "سٹار وارز" کا نام دیا گیا تھا اور جس کے تحت خلا میں میزائل روکنے والے آلات نصب کئے جانے تھے۔