اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی بجٹ 2025-2026کی تیاری کے حوالے سے گذشتہ روز اہم اجلاس ہوا جس میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین سے بجٹ پر مشاورت کی گئی، وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہے، آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے،نئی ملازمتوں پر توجہ دی جائے، غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،وزیراعظم کی وفاقی بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی ہائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے،صنعتوں کے فروغ اور پیداوار میں اضافے کے لئے منصوبوں پر کام کیا جائے ، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دے کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، وفاقی بجٹ تیار کرتے ہوئے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔