کراچی (رفیق مانگٹ ) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تنازع نے پاکستان کو سفارتی برتری دی، سابق بھارتی سیکریٹری خارجہ شیام سرن نے بھارت کے لیے سفارتی ناکامی قرار دیا۔
تھنک ٹینک سینٹر فار پالیسی ریسرچ کے مطابق بھارت کے لیے ناکامی کیونکہ وہ دہشت گردی کو عالمی ایجنڈے کا مرکز بنانا چاہتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ فوجی تصادم دونوں ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر لے گیا تھا۔ تاہم، تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ اس تنازع نے پاکستان کو سفارتی برتری دی ہے۔ سابق بھارتی سیکریٹری خارجہ شیام سرن نے اسے بھارت کے لیے سفارتی ناکامی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت برسوں سے کوشش کر رہا تھا کہ وہ خود کو پاکستان سے الگ کرے اور عالمی طاقت کے طور پر تسلیم کرائے، لیکن امریکی مداخلت نے دونوں ممالک کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کیا۔
نئی دہلی کے تھنک ٹینک سینٹر فار پالیسی ریسرچ پرتاپ بھانو مہتا نے زور دیا کہ اس تنازع نے عالمی توجہ بھارت کے دہشت گردی کے ایجنڈے سے ہٹا کر ایٹمی خطرے کی طرف مبذول کر دی۔