پشاور(جنگ نیوز)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے سابق نائب صدر اور ممتاز صنعتکار مرزا عبد الرحمن نے دیگر معروف صنعتکاروں اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ہمراہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے فاٹا و پاٹا کے علاقوں میں سیلز ٹیکس سے متعلق حالیہ فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ نہ صرف بزنس کمیونٹی کی دیرینہ شکایات کا مؤثر حل ہے بلکہ یہ پاکستان بھر میں صنعتی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ اس فیصلے سے صنعتکاروں کا اعتماد بحال ہو گا، سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو گا اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہو گا۔مرزا عبد الرحمن اور دیگر صنعتکاروں نے وفاقی حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم عدالتی فیصلے پر فوری اور مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، تاکہ فاٹا و پاٹا سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اور صنعتوں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے فاٹا و پاٹا کے ٹیکس ریلیف کا فائدہ بعض غیر متعلقہ عناصر نے اٹھایا، جس کے نتیجے میں ملکی صنعت کو شدید نقصان پہنچا اور مقامی صنعتکار غیر منصفانہ مقابلے کا شکار ہوئے۔ اب یہ فیصلہ ملکی صنعت کی بحالی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور برآمدات کو فروغ دینے میں ایک فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔