• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے درآمدی محصولات میں نمایاں کمی کا فیصلہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف پالیسی سے متعلق اجلاس میں برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کےلیے درآمدی محصولات میں نمایاں کمی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مضبوط معیشت کے حصول کےلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی، حکومت روزگار کی فراہمی اور مہنگائی کے خاتمے کےلیے بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی اور غیرملکی ماہرین کی مشاورت سے بنیادی معاشی اصلاحات کےلیے جامع منصوبہ بنالیا ہے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے درآمدی محصولات (ٹیرِف) میں بتدریج مگر نمایاں کمی کی منظوری دے دی، یہ اقدام معاشی بہتری کے حصول میں اہم سنگِ میل ہے جو برآمدات پر مبنی ترقی ممکن بنائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فیصلے سے بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور مہنگائی کو بھی قابو میں رکھا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے اضافی کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی 4 سے 5 سال میں مکمل ختم کرنے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں کسٹمز ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کرنے کے حق میں فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے ایک عمل درآمد کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختراور متعلقہ اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

قومی خبریں سے مزید