اسلام آباد (اسرار خان)اپریل میں پاکستان ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی، ماہانہ ترسیل میں 15 فیصد کی گراوٹ، چاول کی قیمتوں میں کمی کے باعث غذائی برآمدات میں نمایاں کمی، مشینری کی درآمدات میں اضافہ۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اپریل 2025میں سال بہ سال 1.35 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 1.22ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے علاوہ مارچ 2025 میں 1.43 ارب ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 14.64فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جو کئی مہینوں کی مضبوط کارکردگی کے بعد بیرون ملک مانگ میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔ اپریل تک کے 10 مہینوں (مالی سال 2024/25) کے دوران مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14.83 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جب کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 13.68 ارب ڈالر تھیں۔