• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم نے بھارتی پراپیگنڈہ بے نقاب کرنے کیلئے تشکیل کردہ وفد کی قیادت بلاول کو سونپ دی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی پراپیگنڈے اور مذموم سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے بھارتی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے تشکیل کردہ وفد کی قیادت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سونپ دی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے مجھ سے رابطہ کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں۔یہ بات انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مجھ سے درخواست کی ہے کہ میں دنیا میں پاکستان کا امن کا مؤقف پیش کروں۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیر ڈاکٹر مصدق ملک،سابق وفاقی وزیر انجینئرخرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمن،سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری، سابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کووفد میں شامل کیاگیا ہے۔وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں خطے میں بھارت کے پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کرے گا۔ وفد پاکستان کی خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے کوششوں کو اجاگر کرے گا۔

اہم خبریں سے مزید