اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت تیزی سے زوال پذیر ہو رہی ہے کیونکہ حکومت گزشتہ10ماہ سے زائد عرصے سے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم میں موجود سنگین خامی کو دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اپٹما پریس ریلیز کا کہنا ہے کہ اس کا نتیجہ ایک شدید بگڑا ہوا ٹیکس نظام ہے، جس نے مقامی صنعت کو غیر مسابقتی بنا دیا ہے، ملکی سپلائی چینز کو تباہ کر دیا ہے، اور پاکستان کی ٹیکسٹائل ویلیو چین کو غیر ملکی سپلائرز کے حوالے کر دیا ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین، کامران ارشد نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر یارن اور فیبرک کو ای ایف ایس درآمدی اسکیم سے نکال دینا چاہیے۔ یہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کی تباہی کو روکا جا سکتا ہے۔