کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں لوٹ مار کے دوران شہریوں کو قتل کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔رواں ماہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 10ہو گئی ہے جبکہ رواں برس کے138روز کے دوران ڈاکووں نے 45افراد کو قتل کیا۔شہر میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6ہوگئی ہے۔رواں ماہ دو مئی کو زمان ٹاؤن کورنگی میں ڈاکوؤں نے 18سالہ ثاقب کو قتل کیا۔ 8 مئی کو سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ماموں بھانجے کو گولیاں ماری ،واقعہ میں ماموں جاں بحق ہوا ۔11 مئی کو شارع نور جہاں میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران 22سالہ انس کو قتل کیا۔11مئی کو شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈاکؤوں کی فائرنگ سے 22 سالہ شیراز جاں بحق ہوا۔13مئی کو پیر آباد اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے کاشف کی جان لی ۔14مئی کو گلشن اقبال میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے کامران کو قتل کیا ۔15مئی کو لانڈھی 89میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 10 سالہ بچہ امین جاں بحق ہوا۔16مئی کو لانڈھی نمبر چار میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے شاہ فہد نامی نوجوان کو قتل کیا۔19 مئی کو کورنگی نمبر تین ڈکیتی مزاحمت پر فیصل محمود کو جبکہ 19 مئی کو اورنگی ٹاؤن ڈسکو موڑ کے قریب ڈاکوں کی فائرنگ سے 18 سالہ نوجوان عابد مارا گیا۔ رواں برس ماہ جنوری میں 5، فروری میں 10 مارچ میں 9 اور اپریل میں 10 شہری ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل ہوئے۔