پشاور(جنگ نیوز)سابق ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا سلیم خان نے منگل کے روز یونیورسٹی ٹاؤن پشاور میں قائم معروف فلاحی ادارے ʼʼحمزہ فاؤنڈیشنʼʼ کا دورہ کیا اور فاؤنڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی کو سراہا۔ حمزہ فاؤنڈیشن گزشتہ کئی دہائیوں سے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو مفت خون، طبی سہولیات اور آگاہی فراہم کر رہی ہے جو قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے نمائندہ حسن گل نے انہیں ادارے کی خدمات، سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سلیم خان نے حمزہ فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کیلئے بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس ادارے کی فلاحی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین تک بروقت اور معیاری طبی امداد پہنچائی جا سکے۔آخر میں انہوں نے فاؤنڈیشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ادارے کی مزید ترقی، کامیابی اور استحکام کے لیے دعا کی۔