کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے اسسٹنٹ پروفیسر غلام مرتضیٰ کی پی ایچ ڈی کی سند جعلی ہونے کے انکشاف کے بعد لیاری یونیورسٹی نے ان تنزلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور ان کے خلاف دھوکہ دہی اور لاکھوں روپے وصول کرنے پر برطرفی کی کارروائی بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب لیاری یونیورسٹی نے یونیورسٹی کی اکاؤنٹ افسر عبدالرشید ملاح کو ہراسانی کے الزام میں معطل کردیا ہے اور تاحکم ثانی ان کے کیمپس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں تعینات اسسٹنٹ پروفیسر غلام مرتضی کی پی ایچ ڈی کی سند ڈگری ثابت ہونے کے بعد رجسٹرار جامعہ لیاری نے انھیں خط بھیجا جس میں کہا گیا کہ آپ کی جانب سے یونیورسٹی میں جمع کرائی جانے والی ڈگری ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق کے بعد جعلی قرار دی گئی ہے۔ اسی ڈگری کے حوالے سے آپ نے نہ صرف مالی فوائد حاصل کیے بلکہ لیکچرار سے اسسٹنٹ پروفیسر بھی ترقی حاصل کر لی۔ لہٰذا آپ رجسٹرار کے پاس پیش ہوں اور بتائیں کہ آپ کے خلاف کیوں تادیبی کارروائی نہ کی جائے اور آپ سے مالی فوائد کی واپسی کے لیے اقدامات نہ کیے جائیں ۔ بعد ازاں ان کی لیکچرر کے عہدے پر تنزلی کے احکامات جاری کر دیے گئے ۔