راولپنڈی ( جنگ نیوز) راولپنڈی کینٹ کے گنجان آباد علاقے احمد آباد، غازی آباد اور قائداعظم کالونی میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ متعلقہ اداروں اور حکام کی موجودگی کے باوجود شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں اور منہ مانگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کے مطابق کینٹ کے ہر علاقے میں پانی کی سپلائی ہر دوسرے روز چل رہی ہے جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کی وارڈ5 احمد آباد اور غازی آباد کی گلیوں میں مہینے میں دو یا تین بار پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے بعض شہریوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بعض افراد سیاست چمکانے کیلئے پانی کی فراہمی سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ چکری روڈ پر ایک شادی ہال میں بھی مبینہ طور پر پانی کا کنکشن غیر قانونی طور پر کئی سال سے لگا ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی آزاد ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال کو عوامی شکایات دور کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل کنٹونمنٹ بورڈز، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے اور پانی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر غازی آباد میں بننے والی بڑی ٹینکی مکمل کروا دی جائے تو احمد آباد اور قائد اعظم کالونی کے تمام علاقوں میں بھی پانی کی قلت دور ہو سکتی ہے۔