بیجنگ(نیوز ایجنسیاں) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بدھ کو چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں چینـ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک توسیع دینے اور خطے میں دہشت گردی کو روکنے پر اتفاق جبکہ خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کےمشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا، اسحاق ڈار کہا پاکستان چین کے کلیدی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بدھ کو چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے اور خطے میں دہشت گردی کو روکنے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیر اعظم ،سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای، اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بیجنگ میں ایک غیر رسمی سہ فریقی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے اور سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔بیان میں کہا گیا کہ تینوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی اور معاشی روابط کو فروغ دینے کے لیے سہ فریقی تعاون کو ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر تسلیم کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چھٹی سہ فریقی وزرائے خارجہ کی ملاقات کابل میں ابتدائی اور باہمی طور پر موزوں تاریخ پر ہوگی۔ وزرائے خارجہ نے سفارتی روابط بڑھانے، مواصلات کو مضبوط بنانے، تجارت، بنیادی ڈھانچے اور ترقی کو مشترکہ خوشحالی کے اہم عوامل کے طور پر فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔سہ فریقی وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف عزم اور خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں جیو نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات ہوئی جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں چین نے سی پیک فیز 2 پر اطمینان کا اظہار کیا اور تیسرے فریق کی شمولیت پر باہمی رضامندی ظاہر کی جبکہ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری، زراعت، صنعت، آئی سی ٹی میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کے حق پر چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے کلیدی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی بھائی اور ہر موسم کا اسٹریٹیجک شراکت دار ہے، پاکستان کی خودمختاری کے دفاع میں ثابت قدمی قابل تعریف ہے۔