کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ ٹین میں فہیم اشرف کی آل راؤنڈر کارکردگی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ سال بعد فائنل میں پہنچا دیا۔ کوئٹہ نے چوتھی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوالی فائر ون میں30رنز سے شکست ہوئی لیکن فائنل میں جانے کیلئے اب بھی اس کے پاس ایک چانس موجود ہے۔ 209کے جواب میں ناکام ٹیم 179رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہیم اشرف نے 45رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی ،33رنز دے کر دو وکٹیں لیں اور ایک کیچ بھی لیا۔ اسلام آبادجمعے کو کوالی فائر ٹو میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ اسپنر عثمان طارق نے32رنز دے کر تین، محمد عامر نے31اور محمد وسیم نے 38کے عوض دو ، دو وکٹ لیے۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں فہیم اشرف نے ایلکس ہیلز کوصفر پر بولڈ کرکے بڑی کامیابی دلوادی۔