لاہور (صابر شاہ) کالعدم بی ایل اے کے ہاتھوں مسافر ٹرین، جعفر ایکسپریس کے ہائی جیک ہونے کے تقریباً 70دن بعد، بھارتی دہشت گرد پراکسیوں نے ایک اور وحشیانہ حملہ کیا، اس بار دور دراز کے ضلع خضدار میں معصوم اسکول کے بچوں کو نشانہ بنایا۔تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ 25 سالوں کے دوران بلوچستان کو دہشت گردی، فرقہ واریت اور لسانی تشدد نے 300سے زائد بار نشانہ بنایا ہے۔کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس، جس میں کم از کم 380 مسافر سوار تھے، اس سال 11مارچ کو ہائی جیک کر لی گئی تھی۔جبکہ سیکورٹی حکام 354یرغمالیوں کو رہا کرانے میں کامیاب رہے، اس واقعے کے نتیجے میں کم از کم 33دہشتگرد ہلاک اور 18فوجی شہید ہوئے۔