رملہ، اقوام متحدہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک)مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے یورپی سفارت کاروں کے وفد پر فائرنگ کر دی،فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا بتایا ہے، جنین شہر میں یورپی وفد پر اسرائیلی فائرنگ سے کسی زخمی کی اطلاع نہیں ملی، سفارتکاروں نے بھاگ کر جان بچائی ،یورپی اور مغربی ممالک سمیت عالمی برادری نے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ، فرانس ، اٹلی، اسپین اور پرتگال نے واقعے پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کوطلب کرنے کا اعلان کردیا ہے،فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جاری فوجی جارحیت میں اضافے پر اسرائیل کیخلاف مزید پابندیوں پر غور کررہے ہیں،اقوام متحدہ، نیدر لینڈ، جرمنی،آئرلینڈ، یورپی یونین ، ترکیہ، مصر اور دیگر ممالک نے سفارتکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، اسپین کے علاقے کاتالونیانے تل ابیب میں واقع اپنا تجارتی دفتر بند کردیا ہے جبکہ بلجیم اور انقرہ حکومت نےو اقعےکی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔