کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر امراض اطفال اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیوناٹولوجی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے سےبچوں کو ڈائیریا، جلدیامراض اورانفیکشن کے ساتھ ہیپاٹائٹس اے اورای ہوسکتے ہیں، اس لئے بچوں کوپانی ابال کر پلایا جائے ، پھل دھو کر کھلائے جائیں ،دھوپ میں کھیلنے سے روکا جائے، بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلا جائے، باہر کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کرایا جائے، باریک کپڑے پہنائے جائیں، نوزائیدہ بچوں کو گرم کپڑوں میں نہ لپیٹا جائے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، شہر میں گندگی بھی بڑھ رہی ہے ،اس لئے بچوں کا بہت خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر ناصر سلیم سڈل نے بتایا کہ شدید گرمی کے موسم میں معمولی نزلہ اور زکام سے بھی بچوں کو تیز بخار ہو جاتا ہے۔