• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم فارغ

کراچی( سید محمد عسکری) وفاقی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے کر فارغ کردیا گیاہے اور ان کی جگہ مشیر منصوبہ بندی و ترقیات مظہر سعید کو قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کردیاہے۔مظہر سعید بنیادی طور پر کمیشن میں ڈی جی کے عہدے پر تعینات ہیں اور ان کے پاس مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات کا اضافی چارج بھی ہے۔ ضیاء القیوم کو ھٹانے کی منظوری بدھ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کمیشن اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار نے کی۔ اجلاس ایک گھنٹے تک جاری رہا جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی کارکردگی رپورٹ پاور پوائنٹ پر دکھائی گئی جس کے بعد ان کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے کر انھیں فارغ کردیا گیا۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم کو 2023میں 4سالہ مدت کے لیے ای ڈی تعینات کیا گیا تھا جبکہ موجودہ چیئرمین ڈاکٹر مختار جن کی ایک سالہ توسیع شدہ مدت 28جولائی کو مکمل ہورہی ہے طویل عرصے تک ایچ ای سی کا حصہ رہے ہیں، چیئرمین بننے سے قبل وہ ای ڈی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ زرائع کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر مختار کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے اندر ای ڈی کی آسامی کا اشتہار بھی دے دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دونوں ڈاکٹر مختار اور ضیاالقیوم کے درمیان کئی انتظامی معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ مسائل تھے اور اربوں کی غیر ملکی امداد سے چلنے والے دو منصوبوں پر آپس میں اختلاف تھے جن میں 12ارب روپے کے ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی خریداری کا معاملہ بھی شامل تھا۔
اہم خبریں سے مزید