کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان امریکی کمپنیوں کو اپنی کان کنی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو کہ واشنگٹن کے ساتھ محصولات پر جاری مذاکرات کا حصہ ہے۔ پاکستان کے وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یہ قدم ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی ایشیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی سے فائدہ اٹھانے کے لیے اٹھا رہا ہے۔ پاکستان کو اپنی برآمدات پر ممکنہ طور پر 29 فیصد ٹیرف (محصولات) کا سامنا ہے جو وہ امریکہ کو بھیجتا ہے، کیونکہ اسے دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے تجارتی منافع کا سامنا ہے۔ یہ محصولات گزشتہ ماہ واشنگٹن کی جانب سے دنیا بھر کے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے تھے۔ یہ محصولات بعد ازاں 90 دن کے لیے معطل کر دیے گئے تاکہ مذاکرات کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ پاکستان کے وزیرتجارت جام کمال نے کہا ہے کہ اسلام آباد امریکی کاروباری اداروں کو موقع فراہم کرے گا کہ وہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کان کنی کے منصوبوں میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) کے ذریعے سرمایہ کاری کریں۔