اسلام آباد/نئی دہلی (نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ ڈیسک ) ہندوستان نے پاکستانی ایئر لائنز کے ذریعہ چلائی جانے والی پروازوں کے لئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں 23جون تک توسیع کردی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی نے بھی پاکستانی فضائی حدود پر بھارتی طیاروں کی پرواز پر عائد پابندی میں 24 جون کی صبح 4:59 بجے تک توسیع کر دی ہے۔جمعہ کو جاری نوٹس کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لئے گئے تمام طیارے پابندی کی زد میں رہیں گے۔ یہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی لاگو ہو گی۔