اسلام آباد (ایجنسیاں)پاکستان اور ازبکستان کے مابین موسمیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق‘ وسطی و جنوبی ایشیا کیلئے ’’گرین کوریڈور‘‘کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک سے ازبکستان کے سفیر علی شیر توقطایف نے ملاقات کی ۔ازبک سفیر نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے باہمی ورکنگ گروپ کے قیام، مشترکہ منصوبہ جات، اختراعی پروگرامز، تحقیق، اور ماحولیاتی ڈیٹا و ٹیکنالوجی کے تبادلے جیسے متعدد عملی تجاویز پیش کیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے ازبکستان میں ارال جھیل کی تباہ حالی اور پاکستان میں گلیشئرز کے تیزی سے پگھلاؤ کو ماحولیاتی انحطاط کی تشویشناک علامات قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطرات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر سنگین مضمرات کے حامل ہیں۔