کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس سے چار اموات کی تصدیق کی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق متاثرہ افراد کی عمریں ساٹھ سال سے زائد تھیں جنہیں دیگر بیماریاں و پیچیدگیاں بھی تھیں جس کے باعث وہ آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔آغا خان یونیورسٹی کے ماہرِ متعدی امراض ڈاکٹر فیصل محمود نے عوام سےاحتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے، ان کا کہنا تھا گزشتہ دو سے تین ہفتوں کے دوران کووڈ-19 کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ افراد میں علامات وہی ہیں جو گزشتہ برسوں میں سامنے آتی رہی ہیں، جن میں کھانسی، نزلہ، بخار اور جسم میں درد شامل ہیں۔