راولپنڈی ( خصوصی رپورٹر) جڑواں شہروں کے ہدایتکاروں اور فنکاروں نے شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ثقافت اور فن کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں کے ڈرامہ فیسٹیول کی تمام تیاریاں مکمل ہونے کے باوجود موخر کر دیا گیا۔گزشتہ ایک سال سے راولپنڈی آرٹس کونسل میں سیاسی مداخلت جاری ہے۔ہم وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کرتے ہیں کہ فنکاروں کو بے روز گار کرنے کے اقدام کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔ یہ بات ہدایت کارہ اور مصنفہ عاصمہ بٹ نے جڑواں شہروں کے فنکاروں اور ہدایت کاروں کے ہمراہ راولپنڈی پریس کلب میں احتجاج اور بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتائی۔عاصمہ بٹ سمیت دیگر فنکاروں اور ہدایت کاروں انجم حبیبی ،ولیم پرویز،رفعت علی قیصر،صابر خان،طاہر صدیقی،ارشد منہاس،سپنا شاہ،جھلک علہ،لیاقت شاہ، اسلم مغل ،سمیرا راجپوت و دیگر کا کہنا تھا کہ ڈرامہ فیسٹیول کی تیاریاں گزشتہ دو ماہ سے جاری تھیں مگرایک فیملی فیسٹیول ڈرامہ کو بلا جواز دن ساڑھے بارہ بجے روک دیا گیا۔