حیدرآباد میں جے ایف تھنڈر 17 نام کا 40 من وزنی قربانی کا بیل شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس بیل کو خریدنے کے لیے آنے والے تاجر بارات کی شکل میں پہنچے تو کئی پکوانوں سے ان کی خاطر مدارت کی گئی۔
عیدِ قرباں سے قبل حیدر آباد کے علاقے لیاقت کالونی میں 40 من وزنی قربانی کے جانور کے خوب چرچے ہیں، مویشیوں کے تاجر شاہ رخ نے اپنے بھاری بھر کم جانور کی قیمت لگائی تو سودا 50 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔
جب بچھڑے کی رخصتی کا وقت آیا تو شاہ رخ نے پنڈال سجا لیا، بارات کی شکل میں خریدار کے ساتھ آنے والے افراد کی خوب خاطر تواضع کی گئی، یہی نہیں بلکہ مہمانوں اور میزبانوں نے ایک دوسرے کو نوٹوں اور پھولوں کے ہار پہنائے اور ثقافتی اجرک پیش کیں۔
خوبصورت اور بھاری بھرکم قربانی کے جانور کو دیکھنے کے لیے شہری دور دور سے آ رہے ہیں اور سیلفیاں بنا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
قربانی کا اصل فلسفہ تقویٰ اور اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے، اگر اسی جذبے سے قربانی کی جائے تو یقیناً وہ بارگاہِ الہٰی میں شرفِ قبولیت پاتی ہے۔