اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی سربراہی اجلاس آئندہ 48 گھنٹوں میں آذربائیجان کے خوبصورت اور اسٹریٹیجک شہر لاچین میں متوقع ہے۔ اجلاس میں علاقائی تعاون، تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی پر اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔ لاچین کا اسٹریٹیجک انتخاب خطے میں امن، ترقی اور آذربائیجان کی بڑھتی ہوئی اثر و رسوخ کی علامت ہے۔ ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان کے سربراہان مملکت/حکومت کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی سہ فریقی اجلاس آذربائیجان کے شہر لاچین میں منعقد ہوگا، جو اپنے قدرتی حسن اور تزویراتی اہمیت کی بنا پر جانا جاتا ہے۔ یہ اجلاس پاکستان اور بھارت کے حالیہ تنازع کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر غور، باہمی تعاون کے مواقع کی تلاش، اور مشترکہ مستقبل کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔