کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و رکن قومی اسمبلی انجینئر عثمان بادینی نے خاران میں بجلی کی طویل و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کیسکو حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے، 18گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،اضافی بجلی ہونے کے باوجود خاران جیسے گرم ترین علاقے میں لوڈشیڈنگ نے عوام کے صبرکا پیمانہ لبریز کردیا ہے، ایک جانب پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی تو دوسری طرف زراعت کا شعبہ تباہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ کیسکو کا بلوچستان کے عوام کیساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک جاری ہے، آئے روز احتجاج کے باوجود کیسکو حکام کے کان پر جوں نہیں رینگتی اور اپنی من مانیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خاران کے عوام کیساتھ ہیں اور ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خاران میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کیا جائے گا۔