• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارٹر آف ڈیمانڈ، گرینڈ الائنس نے بلوچستان اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گرینڈ الائنس نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں بجٹ سیشن کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کے گھیرائو کا اعلان کردیا ، 31 مئی سے کوئٹہ سمیت تمام اضلاع میں پریس کلبز کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ کے لئے احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے ، اس بات کا اعلان بلوچستان گرینڈ الائنس کے کنوینئر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ ، جنرل سیکٹری حاجی علی اصغر بنگلزئی و دیگر رہنمائوں نے جمعرات کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر منعقدہ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج کوئٹہ سے ریلی نکالی گئی اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کررہے تھے ۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی میٹروپولیٹن کارپوریشن پہنچی جہاں جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی آرگنائزر عبدالقدوس کاکڑ ، جنرل سیکرٹری حاجی علی اصغر بنگلزئی و دیگر نے انتظامیہ کی جانب سے کارپوریشن میں لگائے گئے کیمپ کو اکھاڑنے کی مذمت کی اور کہا کہ الائنس پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
کوئٹہ سے مزید