کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مبینہ طور پر لاپتہ محمد اسحٰق اور عبدالرزاق کی ہمشیرہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بھائیوںکو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے ہمراہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قائم کیمپ میں پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائی محمد اسحٰق اور طالب علم عبدالرزاق کو گزشتہ دنوں سریاب کسٹم کے علاقے سے مسلح اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا انہیں لے جاتے وقت ہم سے کہا گیا کہ انہیں تفتیش کیلئے لے جارہے ہیں جلد چھوڑ دیں گے لیکن کئی روز گزرنے کے باوجود انہیں نہیں چھوڑا گیا اور نہ ہی ہمیں اس بابت کوئی اطلاع دی گئی جس کی وجہ سے ہمارا خاندان ذہنی اذیت میں مبتلا ہے ۔ اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ محمد اسحٰق اور عبدالرزاق کے لواحقین بھی اس ملک کے شہری ہیں ان کے پیاروں کو لاپتہ کیا گیا ہے، انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو ملکی قوانین کے تحت انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔