کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)آل کوئٹہ واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن اور آل پرائیویٹ واٹر سپلائی کے رہنماؤں نجیب ترین اور قاری سلیم فاروقی نے محکمہ واسا کی جانب سے پرائیویٹ ٹیوب ویلوں کو لاکھوں روپے کے بل بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیوب ویلوں کو ماہانہ فکس بل سے استثنیٰ دیا جائے بصورت دیگر منگل کی شب 9 بجے سے کوئٹہ شہر میں پرائیویٹ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی بند کردیں گے ، یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہریوں کو گزشتہ کئی عرصے سے پینے کا صاف پانی فراہم کررہے ہیں گزشتہ 4 ماہ سے واٹر سپلائرز کو واسا کی جانب سے لاکھوں روپے کے بل بھیجے جارہے ہیں، اس حوالے سے ہم نے کئی بار ایم ڈی واسا سے ملاقات کی اور مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی بات کی لیکن کوئی پیشرفت نہ ہوئی ، بل جمع نہ کرانے پر ہمارے لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا جارہا ہے ،حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلے کو حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام پرائیویٹ واٹر سپلائی مالکان کی پراپرٹی ہیں جن کا واسا یا دیگر محکموں سے کوئی تعلق نہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو منگل کی شب 9 بجے کے بعد واٹر سپلائی ٹیوب ویلوں کو تالے اور شہر میں پرائیویٹ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی بند کردیں گے ۔