اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کا بل مسترد کردیا، خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے ارسال کردہ "امتناع ازدواجِ اطفال بل 2025" کو غیر اسلامی قراردے دیا ۔یہ فیصلہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں کیاگیا جو منگل کے روز چیئرمین ڈاکٹر علامہ محمد راغب حسین نعیمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں متعدد اہم معاملات پر غور کیا گیا اور سفارشات مرتب کی گئیں۔اجلاس میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے استفسار پر نکاح سے قبل تھیلی سیمیا کے ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کے بجائے اسے اختیاری رکھتے ہوئے شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ کونسل نے رائے دی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نکاح کو غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا چاہیے، اور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔ اجلاس میں عدالتی فیصلوں کی ذرائع ابلاغ میں رپورٹنگ پر بھی گفتگو ہوئی اور کونسل نے عدالتی فیصلوں کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔