کراچی (جنگ نیوز)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین نے پی -آئی-ڈی کی طرف سے سندھ کے اخبارات کو نظر انداز کرنے اور بروقت ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پی-آئی-ڈی کے جاری کردہ اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے ۔اراکین نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراء طے شدہ حجم کے برعکس 10فیصد سے کم سطح پر آگیا ہے جبکہ اشتہارات کے اجراء میں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم 40فیصد کی سطح تک بحال کیا جائے اور اے پی این ایس رکن مطبوعات کو ترجیح دی جائے۔ کمیٹی کے اراکین نے نان بجٹڈ اشتہارات کی ادائیگی کے نئے نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرانا نظام بحال کیا جائے اور حسب سابق ان اشتہارات کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے کی جائے ۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سند ھ کی طرف سے جاری کردہ اشتہارات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے ۔اراکین نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں جاوید مہر شمسی چیئرمین سندھ کمیٹی، یونس مہر نائب چیئرمین(روزنامہ ہلچل)، محمد اطہر قاضی سیکرٹری جنرل ، ممتاز علی پھلپوٹو(روزنامہ عوامی پرچار)، علی بن یونس (روزنامہ بیوپار)، خرم حسین(روزنامہ ڈان)، نجم الدین شیخ (روزنامہ دیانت)، قاضی مصطفیٰ (روزنامہ عبرت)، حسینہ جتوئی(روزنامہ مومل)، زاہدہ عباسی (روزنامہ نؤسج)، امتیاز اطہر قاضی (روزنامہ تعمیرِ سندھ)، اور شاہد ساٹی (روزنامہ وطن گجراتی)شریک ہوئے۔