پشاور (وقائع نگار) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں عوام کی صحت و سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لئے جعلسازی کے خلاف کارروائیاں جاری ۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے جی ٹی روڈ کرشن پورہ میں واقع ایک خفیہ فیکٹری کا معائنہ کیا، جہاں پر عالمی شہرت یافتہ برانڈز جیسے کے نام سے جعلی ہیئر آئل اور دیگر کاسمیٹک مصنوعات تیار کی جا رہی تھیں۔چھاپے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ فیکٹری میں مضر صحت کیمیکلز کو مختلف ڈرمز میں مکس کر کے ان کو مشہور برانڈز کی لیبلنگ اور پیکنگ کے ذریعے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ فیکٹری میں نہ صرف ناقص اور غیر معیاری خام مال موجود تھا بلکہ ہزاروں کی تعداد میں جعلی سٹیکرز، خالی بوتلیں، ڈبے، مشینری اور پیکنگ مواد بھی موقع پر برآمد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے تمام جعلی مصنوعات، کیمیکل، لیبلنگ مواد اور فیکٹری میں استعمال ہونے والے اوزار اور سامان قبضے میں لے لیا ہے۔ فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ فیکٹری مالک کو موقع سے گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ ضبط شدہ اشیاء کو بطور ثبوت محفوظ کر لیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کی رپورٹ کے بعد مزید قانونی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی مشکوک اشیاء کی تیاری یا فروخت کی اطلاعات ہوں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ ایسی خطرناک سرگرمیوں کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔