• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں یوم تکبیر قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، میلسی، کبیر والا، کوٹ ادو، جہانیاں (سٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ، نامہ نگاران) ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں یوم تکبیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا، ریلیوں اور تقاریب کا انعقاد، مقررین کا پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے ہیروز کو خراج تحسین، تفصیلات کے مطابق ملتان میں یوم تکبیر کے سلسلے میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز کی جانب سے مسجد ولی محمد چوک بازار سے ریلی نکالی گئی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال صدیقی،زاہد محمود صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے ملکی دفاع مستحکم ہوا اور خطہ میں بھارت کے مقابلے میں طاقت کا توازن بہتر ہوا، یوم تکبیر کے موقع پر ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی یاد میں مرکزی مسلم لیگ ملتان کے زیر اہتمام نواں شہر چوک پر تکبیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 28 مئی 1998 کو پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے دن کو قومی غیرت، خودمختاری اور دفاع کے عہدِ نو کے طور پر یاد کیا، مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر ملتان شہر و ٹکٹ ہولڈر این اے 149 ڈاکٹر خالد یوسف رانا کی رہائش گاہ پر یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی اور کیک کاٹا گیا اس موقع پر ڈاکٹر خالد یوسف رانا نے کہا کہ 28مئی قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم تکبیر یوم ڈاکٹر عبد القدیر خان منایا گیا اس سلسلہ میں سابق امیر ضلع ڈاکٹر صفدر ہاشمی کی قیادت میں حسین آگاہی چوک پر انجمن تاجران حسین آگاہی کے زیر اہتمام کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر محسن پاکستان ہیں، امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ یوم تکبیر وہ دن ہے جب پاکستان نے دشمن کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا،ڈاکٹر عبدالقدیر قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، سٹی صدر ملک نسیم لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری رائوساجد علی اور دیگر نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر و غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، مسلم لیگ شعبہ خواتین کی رہنما تہمینہ نور کی رہائش گاہ پر یوم تکبیر 28 مئی جوش و خروش سے منایا گیا اور اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، مستقبل پاکستان کے زیراہتمام یوم تکبیر پر سنٹرل پارٹی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر عبد القدیر خان سمیت ایٹمی بم بنانے والے تمام سائنسدانوں اور حکومتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق اور صوبائی صدر شازیہ سیال نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہمارے قومی ہیرو اور امت مسلمہ کے لیے باعث فخر شخصیت ہیں ، انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ، یوم تکبیر منانے کا مقصد اللہ تعالی کا شکر اور عوام کو اعتماد کا احساس دلانا ہے،یہ بات پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پنجاب کے سینئر نائب صدر الحاج محمد اشرف قریشی نے 28 مئی یوم تکبیر کی تقریب میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی، ٹکٹ ہولڈر پی پی 216مسلم لیگ ن سید بابر حسین شاہ نے مرکزی آفس مسلم لیگ ن شاہ رکن عالم کالونی میں یوم تکبیر 28مئی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ اگرکسی ملک نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے، یوم تکبیر کے موقع پر لودھراں پریس کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی،تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی،ملک بھر کی طرح کبیروالا میں بھی یوم تکبیر انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس موقع پر مقامی تعلیمی اداروں کی جانب سے خصوصی تقاریب، ریلیوں اور تقریری مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا،یوم تکبیر کے موقع پر گورنمنٹ پرائمری اسکول دھرم پورہ میلسی میں ایک پُر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں طلباء و طالبات نے قومی جوش و جذبے سے بھرپور شرکت کی ،یوم تکبیر کے موقع پر مظفرگڑھ میں مرکزی مسلم لیگ مظفرگڑھ کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی پرجوش شرکت کی، اس موقع پر مظفرگڑھ کی تاریخ کے سب سے بڑے پانچ سو فٹ طویل قومی پرچم کی نمائش بھی کی گئی، خانیوال پبلک اسکول اینڈ یونیورسٹی کالج کے برلاس ہال میں یوم تکبیر کے موقع پر ایک شاندار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر طلبہ نے قومی نغمے، تقریریں اور خاکے پیش کیے اوروطن عزیز پاکستان، پاک آرمی سے محبت کا اظہار کیا، یوم تکبیر کے حوالے سے مسلم لیگ ہائوس غلہ منڈی وہاڑی میں ممبر قومی اسمبلی محترمہ تہمینہ دولتانہ کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹا گیا،جہانیاں میں یوم تکبیر کے حوالے سے گورنمنٹ خواتین کالج واک کا اہتمام کیا گیا ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام بلدیہ گراؤنڈ وہاڑی میں ایک عظیم الشان یوم تکبیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنان اور معزز شہریوں نے بھرپور شرکت کی،خانیوال میں حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی زیر نگرانی 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر سرکاری سکولوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا اس حوالے سے گورنمنٹ ماڈل ہائیرسیکنڈری سکول خانیوال میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں پرنسپل میاں محمد اسلم اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد میں شرکت کی، ڈپٹی کمشنر خانیوال ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے کہا ہے کہ 28 مئی1998کو پاکستان نے چاغی میں اٹیمی دھماکے کرکے اپنے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا،آج یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک باد کی مستحق ہے،یوم تکبیر کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول وہاڑی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں طلبا نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو کے ذریعے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی اہمیت کو اجاگر کیا،سردار خرم خان لغاری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے،پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے، اقتصادی پابندیوں، دباؤ اور دھمکیوں کو نظر انداز کیا، اور بھارت کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا، ڈپٹی کمشنر سید منور عباس بخاری کی زیر قیادت میونسپل کمیٹی کوٹ ادو سے یومِ تکبیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل ڈی ایس پی کوٹ ادو عبدالغفار اور تمام اداروں کے سربراہان نے شرکت کی،مظفرگڑھ میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام خورشید آباد گرلز ہائی سکول مظفرگڑھ میں یوم تکبیر کے حوالے سے شاندار تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ آج یوم تشکر ہے، ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، وہاڑی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پی پی 233 کے زیر اہتمام ایچ بلاک سیکرٹریٹ وہاڑی میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت میاں ثاقب خورشید اور میاں نیرب خورشید نے کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ثاقب خورشید نے کہا میاں نواز شریف نے ثابت کیا کہ پاکستان نہ صرف ایک خودمختار ملک ہے بلکہ اپنی سالمیت اور بقاء کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
ملتان سے مزید