واشنگٹن (اے ایف پی) امریکہ نے غیر ملکی طلبا کے ویزا پر پابندی لگا دی ۔ محکمہ خارجہ نے غیر ملکی طلبا کے اسٹوڈنٹ اور ایکسچینج ویزا کی کارروائی معطل کر دی ہے۔ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی جامعات، خاص طور پر ہارورڈ یونیورسٹی پر دباؤ بڑھانے کا حصہ ہے۔ انتظامیہ نے مظاہروں میں شریک کچھ غیر ملکی طلبا کی ملک بدری اور یونیورسٹیوں میں داخلے پر سخت نگرانی کا اعلان بھی کیا ہے۔سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کی طرف سےگذشتہ روز دستخط کردہ ایک ہدایت نامہ میں سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مزید کسی بھی اسٹوڈنٹ یا ایکسچینج ویزا کے لیے ملاقات کی گنجائش نہ رکھی جائے، جب تک کہ مزید ہدایات نہ دی جائیں۔حکومت نے بین الاقوامی طلباء کے سوشل میڈیا پروفائلز کی جانچ پڑتال میں سختی کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔چین نے امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے طلباکے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ جاپان، ہانگ کانگ اور تائیوان نے متاثرہ طلبا کو داخلے کی پیشکش کی ہے۔ہارورڈ میں طلبا نے ویزا معطلی اور مالی امداد کی منسوخی پر احتجاج کیا۔ ٹرمپ نے یونیورسٹی پر لبرل نظریات اور یہود دشمنی پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔ حکومت نے ہارورڈ کے 100 ملین ڈالر سے زائد کے معاہدے منسوخ کر دیے ہیں۔ ہارورڈ نے ان اقدامات کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔