راولپنڈی (نمائندہ جنگ، آئی این پی )پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے واضح کیا ہے کہ کوئی کچھ لو کچھ دو نہیں ہے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا بانی نے کہا ہے میرے دروازے بات چیت کیلئے اسٹیبلشمنٹ کے لیے کھلے ہیں، پاکستان کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں اتحاد کی خاطر کسی بھی وقت مذاکرات کے لیے تیار ہوں، بانی پی ٹی آئی نے کہا اپنے لئے عایت نہیں مانگ رہا، ریاعت مانگنی ہوتی تو بہت پہلے مانگ چکا ہوتا۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پارٹی لیڈر شپ تحریک کے لیے تیار ہو جائے، اگر کوئی سامنے نہ آیا تو اب میں برداشت نہیں کروں گا، وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا، میں صرف انصاف چاہتا ہوں، کیسز جلد سنے جائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاجی تحریک کا اعلان ہو چکا، 5،6 دن میں لائحہ عمل دینگے۔