کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جامعہ بلوچستان میں جامعاتی فیکلٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 21 روزہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا تربیتی پروگرام میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی ،یونیورسٹی آف بلوچستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے جس کا مقصد بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی وائس چانسلر جامعہ بلوچستان تھے انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا علمی و پیشہ ورانہ ترقی یافتہ ہونا جدید تعلیم کا اہم تقاضا ہے انہوں نےکہا کہ ایسے پروگرامز نہ صرف تدریس کے عمل کو مؤثر بناتے ہیں بلکہ فیکلٹی کو تحقیق ، نصاب سازی کی رہنمائی کے لیے بھی بہتر طور پر تیار کرتے ہیں وائس چانسلر جامعہ میر چاکر خان رند سبی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں اساتذہ کی تربیت نہایت اہم ہے اس سے دور افتادہ علاقوں کے طلبا کو بھی معیاری تعلیم میسر آسکے گی تربیتی سیشن کی پہلی نشست ریسورس پرسن ڈاکٹر عمرانہ نیاز سلطان کی زیر نگرانی ہوئی۔