راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) شہیدانسپکٹرمیاں عمران عباس کو قتل کرنے والے ملزم چودھری زاہدکے بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے تایا زاد کوموت کے گھاٹ اتاردیا۔قتل کاوقوعہ جمعرات کی شب تھانہ آراے بازار کے علاقہ بکرامنڈی میں پیش آیا۔پولیس کاکہناہے سابق ایس ایچ اوتھانہ ریس کورس میاں عمران عباس شہید کو قتل کرنے والے چودھری زاہد کے اکلوتے بیٹے عبید نے اپنے تایازاد بھائی 24سال محمد ابرار علی ولد اکمل ضیاء کو موت کے گھاٹ اتارا۔مقتول اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں زیرتعلیم تھا۔ذرائع کاکہناہے کہ دونوں کزنزکے درمیان فون پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد چودھری ابرار بکرامنڈی میں اپنے چچا کے گھر کے قریب گلی میں جوں ہی اپنی گاڑی سے باہر نکلاتو20سالہ عبید ولد چودھری زاہد نے اس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے مقتول کے بھائی محمدناصر علی کی مدعیت میں جمعہ کی صبح قتل کی ایف آئی آر درج کرلی ۔مدعی کے مطابق وجہ عنادیہ تھی کہ دوماہ پہلے عبید اور ابرارکی آپس میں کسی بات پر لڑائی ہوئی تھی۔ مقتول کی نمازجنازہ جمعہ کی سہ پہر اداکی گئی۔ یادرہے کہ 7مارچ 2021کو اس وقت کے ایس ایچ اوتھانہ ریس کورس انسپکٹر میاں عمران عباس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔