پشاور(جنگ نیوز) خیبر پختونخواہ میں تعلیم کے میدان میں فعال سماجی تنظیم پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) کی جانب سے کیڈٹ کالج رزمک میں پڑھنے والے آٹھ نادار اور با صلاحیت طلباء کو سکالرشپس فراہم کی گئیں۔ گزشتہ روز پی ڈی ایف کی جانب سے کیڈٹ کالج رزمک کے پرنسپل کے نام خط میں سکالرشپس کا اعلان کیا گیا اور ساتھ ہی چیک بھی جاری کیے گئے۔ پرنسپل کے نام خط میں پی ڈی ایف کے چیئرمین محمد بلال سیٹھی اور تمام ممبران کی جانب سے سکالرشپس حاصل کرنے والے طلباء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ پی ڈی ایف کے چیئرمین بلال سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی تعلیم یافتہ قوم سے وابستہ ہے۔ پی ڈی ایف گزشتہ دس سالوں سے نوجوانوں اور دیگر مارجنلائزڈ افراد کی کردار سازی، تعلیم، تربیت اور خود مختاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ادارے نے اس عرصے میں ہزاروں طلباء کی مالی معاونت کرکے ان کو معاشرے کیلئے کار آمد شہری بنایا ہے۔ حتٰی کہ ادارے سے سکالرشپ پر پڑھ کر کامیاب ہونے والے نو جوان اسی ادارے کی جانب سے دیگر نادار طلباء کی مالی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔