پشاور(اے پی پی)پشاورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ملکی معاشی ترقی کے لئے مالی سال2025-26کے بجٹ میں شرح سود،بجلی کی قیمت، ٹیکسزاوردرآمدات وبرآمدات پرکسٹم ڈیوٹی کم کرنے سمیت مختلف اقدامات کی اپیل کی ہے۔ چیمبر کا شکیل احمدخان صراف کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گروپ لیڈرملک مہر الہٰی نے خصوصی جبکہ سینئرنائب صدرحاجی طلا محمد،نائب صدرملک زوہیب عارف،ترجمان تنظیم تاجران شہزاد احمد صدیقی، ایگزیکٹیو ممبران اور پشاور کے مختلف بازاروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی ،معاشی وصنعتی ترقی کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اقدامات کے حوالے سے تجاویزپیش کی گئیں۔شرکا کاکہناتھاکہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع اورشرح سود و بجلی کی قیمت کم کی جائے،صنعتوں کے فروغ کےلئے ٹیکسزکی شرح اور تعداد میں کمی ،چھوٹے تاجروں کودس سے پچاس لاکھ تک بلاسود آسان شرائط پرقرضے فراہم کئے جائیں،چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کےلئے شفاف وموثرطریقہ کار وضع کیاجائے، طبی آلات وادویات کی درآمدپرکسٹم ڈیوٹی ختم اور ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ومتوسط طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی درآمدپرٹیکس کی شرح کم اوردیگراشیا کی خریداری پرجی ایس ٹی کی شرح کم کی جائے۔