• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین سفارتی تعلقات کی سالگرہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منائی گئی

پشاور (جنگ نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 74ویں سالگرہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منائی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اپنی دیرینہ شراکت داری کی تجدید کرتے ہوئے باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کی میزبانی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کی جبکہ چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ، سفارت کاروں، سرکاری عہدیداران، اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ یہ تقریب پاکستان چائنا فرینڈشپ ایسوسی ایشن (خیبرپختونخوا شاخ) کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں 21مئی 1951 سے جاری تعاون اور باہمی اعتماد کی سات دہائیوں پر مبنی تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے پاکستان کی جانب سے 1950میں عوامی جمہوریہ چین کو ابتدائی طور پر تسلیم کیے جانے کا ذکر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو ’’اعتماد اور تسلسل کی علامت‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے پشاور اور ارومچی کے درمیان 40سالہ تعلقات اور ایبٹ آباد و کاشغر شراکت داری کے آئندہ 30سال مکمل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے تجویز دی کہ مانسہرہ کو تاریخی شاہراہِ ریشم کی اہمیت کے پیش نظر کسی چینی شہر کے ساتھ ’’سسٹر سٹی(جڑواں شہر) ‘‘قرار دیا جائے۔
پشاور سے مزید