پشاور (نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے خالہ زاد بھائی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کرکے رہا کرنے سے انکار کردیا۔ جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل سنگل بینچ نے ملزم یونس و کی جانب سے ضمانت پر رہائی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ عثمان ولد نذیر خان کو تھانہ کوتوالی کی حدود میں واقع محلہ سیٹھیان میں نشہ آور ادویات دے کر موت کے گھاٹ اتارا گیا جس کا کوئی عینی گواہ نہیں لہٰذا استدعا ہے ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔اس موقع پر مستغیث کے وکیل خیال محمد مہمند اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ارباب فخر عالم نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے مقتول کو نشہ آور ادویات پلائیں جس سے اس کی موت واقع ہوئی ۔دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فاضل بینچ نے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔