اسلام آباد(اسرار خان) معاشی استحکام کیلئے فری لانسرز نے400ملین ڈالر بھیجے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی جائزہ2024-25جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فری لانسرز نے رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ملک کو 400ملین ڈالر بھیجے جو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے میں ایک بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہے ہیں۔ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل برآمدات میں اضافہ کے ساتھ آئی ٹی کی صنعت زر مبادلہ کا اہم ذریعہ بنتی جارہی ہے، فری لانسرز کی ترسیلات مالی سال کے اختتام تک 533 ملین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو تقریباً 150 ارب روپے کے برابر ہے۔ اگرچہ یہ اضافہ آئی ٹی کی برآمدات کا حصہ ہے، لیکن یہ ظاہر کرتا ہے کہ فری لانسنگ خاموشی سے پاکستان کے لیے زرمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے بڑے اقدامات کیے ہیں۔ اگرچہ فری لانسرز سے متعلق مخصوص اعداد و شمار محدود ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی پاکستان کے ڈیجیٹل سروسز سیکٹر کو فروغ دینے کی واضح کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔ڈیجیٹل برآمدات میں اضافے اور آسان ادائیگی نظام کے ساتھ، فری لانسرز پاکستان کے معاشی مستقبل کا ایک قابلِ اعتماد حصہ بنتے جا رہے ہیں۔