کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں زیر زمین پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے دم گھٹ کر 2بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ، ایک شخص کی حالت غیر ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری میں واقع خالی مکان کے زیر زمین پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران زہریلی گیس بھرجانے کے باعث 2 بھائیوں سبحان اور کامران کی حالت غیر ہوگئی ،شور شرابہ کی آواز سن کر محلہ دار مدد کے لئے پہنچے اور ٹینک میں اتر گئےزہریلی گیس کی وجہ سے سنیل ،شہزاد اور نویدکی حالت بھی غیر ہوگئی ،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر 5 افراد کو تشویش ناک حالت میں ٹینک سے نکال کر اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم 2 بھائی سبحان اور کامران جبکہ انکی مدد کے لئے ٹینک میں اترنے والے سنیل اور شہزاد راستے میں دم توڑ گئے ،جبکہ نوید کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ،پولیس کاکہنا ہےکہ مذکورہ مکان حال ہی میں کرایہ داروں سے خالی ہوا تھا ،متوفیان میں سبحان اور کامران، پولیس اہلکار لطیف کے بیٹے تھے، جو کلفٹن میں ایک پولیس افسر کے بنگلے پر تعینات ہیں، دونوں بھائی سات بہن بھائیوں میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، چاروں میتوں کو جناح اسپتال سے ابراہیم حیدری نئی آبادی منتقل کر دیا گیا۔