کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے سپر ہائے وے دیہہ کنکر دنبہ گوٹھ کے قریب غیر قانونی کیٹل فارمز بنانے کے خلاف درخواست پر کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر ملیر اور دیگر کوقانون کے مطابق کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کیٹل فارمز کا زہریلا فضلہ تھڈو ڈیم سے نکلنے والی نہر میں شامل ہورہا ہے، زہریلے فضلے والے پانی سے ہزاروں انسانوں کے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، دنبہ گوٹھ کے قریب ضلع ملیر میں سیکڑوں غیر قانونی ڈیری فارمز بنا ئے گئے ہیں، زہریلے فضلے سے ہیپاٹائیٹس ، گلے، آنکھ ، جلد اور جگر کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ زہریلا فضلہ انسانوں اور جانوروں کے لئے خطرناک ہے فوری بند اور کیٹل فارمز سے خارج ہونے والا زہریلا فضلہ ملیر ندی میں فوری طور گرنے سے روکا جائے، اگر غیر قانونی عمل ہے تو کیٹل فارمز کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے، ڈپٹی کمشنر ملیر کو حکم نامے کی کاپی فراہم کرنے ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی گئی ۔